ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / سعودی عرب کی سمت حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

سعودی عرب کی سمت حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

Tue, 08 Aug 2017 17:30:25  SO Admin   S.O. News Service

صنعاء،8اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یمن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کو ایک بیلسٹک میزائل کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ مذکورہ میزائل یمن کے شمالی صوبے حجّہ سے داغا گیا تھا جو ذرائع کے غالب گمان کے مطابق بحرِ احمر میں جا کر گرا۔اُدھر عرب اتحاد کے فضائی دفاعی نظام (پیٹریاٹ) نے حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کی جانب سے یمن کے شہر مارب کی سمت داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق اس میزائل کو غیر آباد علاقے کے اوپر تباہ کیا گیا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔اس کے علاوہ اتحادی افواج کے بحری جنگی جہازوں نے پیر کی شب الحدیدہ کے مشرق میں باجل شہر کے نواحی علاقے میں باغیوں کے زیرِ قبضہ ایک عسکری کیمپ کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔
الجوف صوبے میں کئی روز تک خاموشی رہنے کے بعد منگل کو صبح سویرے صوبے کے مغرب میں المصلوب کے محاذ پر پھر سے لڑائی شروع ہو گئی۔دوسری جانب یمنی عوامی مزاحمت کاروں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ المصلوب ضلعے کے مغرب میں وقز اور الغرفہ کے علاقوں میں جب کہ المتون ضلعے میں حام اور مزویہ کے علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کے ساتھ شدید جھڑپیں چِھڑ گئیں۔ جھڑپوں میں درجنوں باغی ہلاک اور زخمی ہونے کے علاوہ اپنے ٹھکانوں سے فرار ہو گئے۔
 


Share: